پاکستان کے ابھرتے ہوئے گالف اسٹارز نے بین الاقوامی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ مہاد خان اور سارہ امین خان نے قازقستان جونیئر اوپن گالف چیمپئن شپ 2025 میں بالترتیب بوائز اور گرلز کیٹیگری میں شاندار فتح حاصل کر کے نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
گالف مقابلے زیلجاو گالف کلب الماتی میں منعقد ہوئے جہاں دنیا بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ بوائز کیٹیگری میں مہاد خان نے شاندار مہارت، اعتماد اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ اسی کیٹیگری میں پاکستان کے ہی زید عمر ارشد نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔
گرلز کیٹیگری میں سارہ امین خان نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے وننگ ٹرافی اپنے نام کی اور خود کو ایک ابھرتی ہوئی عالمی گالفر کے طور پر منوایا۔
مہاد خان نے نہ صرف ٹائٹل جیتا بلکہ طویل ترین ڈرائیو کا اعزاز بھی حاصل کیا جو کسی بھی گالفر کے لیے مہارت اور طاقت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ دوسری جانب زید عمر ارشد نے پن کے قریب ترین شاٹ کھیل کر اپنی فنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔
پاکستان گالف فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری نے ان نوجوان کھلاڑیوں کو زبردست کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان نوجوانوں کی یہ کامیابی یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کے لیے ایک تحفہ ہے جو وطن سے محبت اور محنت کی عظیم مثال ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








