بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک باوقار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا جس کی قیادت بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے کی۔
اس موقع پر نئی دہلی کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی جب ہائی کمشنر نے قومی پرچم کو سلامی دی اور شرکاء نے احتراماً کھڑے ہو کر قومی ترانہ سنا۔
The High Commission for Pakistan, New Delhi celebrated the 78th anniversary of Pakistan’s Independence, today.@ForeignOfficePk@Saadawarraich@epwing_official@PkPublicDiplo pic.twitter.com/HbPBP4AUM9
— Pakistan High Commission India (@PakinIndia) August 14, 2025
تقریب میں صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں یومِ آزادی کی اہمیت، تحریکِ پاکستان کی قربانیوں اور ملک کی ترقی کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ قائدین نے اپنے پیغامات میں ملک کے بیرونِ ملک موجود سفارتی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کی نیک نامی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
یوم آزادی کی تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران عملے اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سرزمینِ پاکستان کے نمائندے ہونے کے ناطے ہر لمحہ وطن کی عزت اور وقار کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کتنی قربانیوں کے بعد یہ آزادی حاصل کی اور اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کا اختتام ملی نغموں، خوشگوار گہما گہمی اور ملکی سالمیت کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔ نئی دہلی میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے یومِ آزادی کو بھرپور جذبے سے منایا اور وطنِ عزیز کے ساتھ اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








