بھارت کا ڈیفنس سسٹم ایس 400 ناکارہ بنانے والا پاک فضائیہ کا جانباز ہیرو سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے ایک نڈر پائلٹ ونگ کمانڈر رضوان الحق کی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بھارت کے جدید ترین S-400 فضائی دفاعی نظام کو کامیابی سے تباہ کیا۔

ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی خدمت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی سول اور عسکری شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تقریب میں ونگ کمانڈر ملک رضوان الحق کو ان کی بہادری اور غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں تمغہ بسالت سے سرفراز کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خود ونگ کمانڈر کو یہ اعزاز پیش کیا اور انہیں تقریب میں موجود معززین سے متعارف کراتے ہوئے فخر سے بتایا کہ انہوں نے بھارت کے S-400 نظام کو نشانہ بنایا جو خطے میں فضائی دفاع کا ایک اہم ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ اس اعلان پر حاضرین نے زوردار تالیاں بجا کر پائلٹ کی بہادری کو سراہا۔

واضح رہے کہ 10 مئی کو بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن بنیان المرصوص شروع کیا تھا جس میں پاک فضائیہ نے اپنے جدید لڑاکا طیاروں JF-17 تھنڈر اور ہائپر سانک میزائل کے ذریعے بھارتی فضائی اڈوں اور دیگر فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کا سب سے نمایاں کارنامہ بھارت کا S-400 نظام تباہ کرنا تھا جو پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عسکری طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ کامیابی نہ صرف پاک فضائیہ کی تکنیکی برتری اور پائلٹس کی بہادری کی عکاسی کرتی ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ ونگ کمانڈر ملک رضوان الحق کی یہ شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

Related Posts