امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم، ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ

تازہ ترین

تازہ ترین

Chehlum of Imam Hussain (RA) being observed across Pakistan amid tight security
FILE PHOTO

پاکستان بھر میں آج بروز جمعہ امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر مختلف شہروں میں جلوس ہائے عزا برآمد ہو رہے ہیں جن میں علم اور ذوالجناح کی زیارت کرائی جا رہی ہے جبکہ نوحہ خوانی اور ماتم کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہو گا۔

اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل یونٹ نے جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹوں کی تلاشی کے بعد انہیں سیل کر دیا ہے۔

شہر میں 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، دفعہ 144 نافذ ہے اور جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

لاہور میں مرکزی جلوس دہلی گیٹ کی حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا، جو روایتی راستوں سے گزرے گا۔ پنجاب بھر میں 382 جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کے لیے 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔

لاہور میں 5 ہزار پولیس اہلکار، 12 ایس پی اور دیگر افسران سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ 40 مجالس اور 12 جلوسوں کو خصوصی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

پشاور میں بھی آج دو ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، ایک سہ پہر 3 بجے امام بارگاہ اخوند آباد سے اور دوسرا جامع مسجد کوچہ رسالدار سے جبکہ دوپہر بارہ بجے امام بارگاہ علمدار کربلا میں مجلس کا انعقاد کیا جائے گا۔

دونوں جلوس اپنے اپنے امام بارگاہوں پر اختتام پذیر ہوں گے اور اس دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

Related Posts