گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے طغیانی کے ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 26 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ضلع باجوڑ کے جبرائی اور سلارزئی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک طغیانی کے ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
سلارزئی میں بادل پھٹنے کے باعث مکانات اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا، کئی دیہات زیر آب آگئے اور مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کر دیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے، متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کو الرٹ رکھنے اور بارش کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں اب تک تین سو سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








