رجنی کانت، ناگ ارجن اور عامر خان کی فلم قلی ریلیز ہونے کے بعد اس کا وار 2 کے ساتھ موازنہ اور تبصرے جاری ہیں جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فلم بھارتی سینما میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق، قلی کی کہانی میں متعدد دلچسپ موڑ شامل ہیں اور فلمی تجزیہ کار، بالخصوص لوکیش کنکراج، فلم کی ٹیم کے کیمرہ ورک کو سراہ رہے ہیں۔ کہانی کا آغاز ایک موت سے ہوتا ہے۔
فلم میں دیوا نامی کردار اپنے بچپن کے دوست کے جنازے میں شرکت کے لیے آتا ہے مگر ہارٹ اٹیک کے واقعے پر ہونے والی تحقیق یہ ثابت کر دیتی ہے کہ یہ دراصل قتل تھا۔ یہ انکشاف کہانی کو ایک نیا اور سنسنی خیز رخ دے دیتا ہے۔
فلم کے ہر اہم کردار کو الگ خصوصیات دی گئی ہیں اور جیسے ہی کسی بڑے کردار کی انٹری ہوتی ہے، سینما گھروں میں تالیوں اور شور کی گونج سنائی دیتی ہے۔
رجنی کانت کا ماضی فلم میں ایک راز کی مانند پیش کیا گیا ہے جو منظرِ عام پر آتے ہی ناظرین کو حیران کر دیتا ہے۔
عامر خان کی آمد فلم کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیتی ہے تاہم ان کا کردار اتنا مؤثر نہیں جتنا توقع کی جا رہی تھی۔ اسی طرح، کچھ اور کردار کہانی میں جان ڈالنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ قلی صرف بڑے فنکاروں کی موجودگی کے باعث نہیں بلکہ منفرد کرداروں، جاندار کہانی اور عمدہ میوزک کی وجہ سے بھی عوام میں مقبولیت حاصل کرے گی۔
اگرچہ مجموعی طور پر مثبت آراء سامنے آئی ہیں، لیکن کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ فلم کی رفتار اور مکالموں کی تعداد ضرورت سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
ناگ ارجن کے کردار سے بھی بھرپور استفادہ نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود، ایکشن، ڈرامہ، کامیڈی اور ذہنی کشمکش کے امتزاج نے فلم بینوں کو ایک نیا اور دلچسپ تجربہ فراہم کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








