ریلوے حکام کی غفلت کا ایک اور خونی نتیجہ؛ لودھراں میں ٹرین حادثے 2 جاں بحق، 22 زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

اتوار کی صبح لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب عوام ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم دو مسافر ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوگئے۔ بد قسمت ٹرین لاہور سے کراچی جا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں اور مسافروں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ تین شدید زخمی مسافروں کو بہاولپور منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت 32 سالہ وقاص کے طور پر ہوئی جو خوشاب کا رہائشی تھا۔

ریلوے حکام نے باقی مسافروں کو کراچی پہنچانے کے لیے ایک متبادل ٹرین کا انتظام کیا۔ متاثرہ پٹری کو بحال کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔

حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی تاہم حالیہ ٹرین حادثاتنے پاکستان کے ریلوے نظام کی خراب حالت کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل رائیونڈ کے قریب موسیٰ پاک ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتری تھیں جس میں چار مسافر زخمی ہوئے تھے۔ حکام نے اس واقعے کی وجہ بریک فیل ہونے کو قرار دیا تھا۔

Related Posts