آج ہلکی رم جھم مگر کل جل تھل ہوگا؛ کراچی میں منگل کو موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

شہر قائد میں اچانک موسم نے پلٹا کھایا اور کالی گھٹاؤں نے ڈیرے جما لیے جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی اور بعض مقامات پر تیز بارش نے شہریوں کو گرمی کی شدت سے کافی حد تک نجات دلا دی۔ بادل برس پڑے اور شہر کے کئی علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ شروع ہو گیا جس نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن حدید، کلفٹن، ملیر، ایئرپورٹ، شارع فیصل اور گلشن اقبال جیسے علاقوں میں ہلکی بونداباندی دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ محمود آباد، منظور کالونی، ڈیفنس اور صدر کے علاقوں میں بھی بارش کی وجہ سے لوگوں نے گرمی سے کچھ سکون پایا۔ شہر کے دیگر حصوں جیسے کورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، یونیورسٹی روڈ اور اسکیم 33 میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو سراہا۔

موجودہ وقت میں کراچی کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 76 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں موسم کو مزید سہانا بنا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بارش نے نہ صرف گرمی کی شدت کو کم کیا بلکہ روزمرہ زندگی میں ایک تازگی کا احساس بھی پیدا کیا۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق کل کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس سے شہر کے مختلف علاقوں کو شدید متاثر ہو سکتے ہیں جس کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ شہر میں پانی جمع ہونے کے مسائل سے بچا جا سکے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہموسمی حالات پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہ سکیں۔

Related Posts