مری میں مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، ضلعی تعلیمی اتھارٹی کے سی ای او کے مطابق علاقے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 19 اگست منگل اور 20 اگست بدھ کو بند رہیں گے، یہ فیصلہ عوام اور طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں مری اور اس کے گردونواح کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جبکہ کہوٹہ جی پی او چوک اور مال روڈ سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہو جانے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ گلیات میں مٹی کے تودے گرنے کے باعث مری اور ایبٹ آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ بھی بند ہو گئی ہے جس سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران علاقے میں بادل پھٹنے (کلاوڈ برسٹ) کا خطرہ موجود ہے۔
اسی تناظر میں مقامی انتظامیہ نے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ مسلسل بارش کے باعث کسی بھی وقت صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ الرٹس پر نظر رکھیں اور اپنی حفاظت کے لیے سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
مری کی موجودہ صورتحال نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سیاحوں کے لیے بھی خطرناک قرار دی جا رہی ہے اور انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








