منگل کے روز خیبرپختونخوا میں جہاں ایک جانب شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی، وہیں زمین بھی لرز اُٹھی۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، مینگورہ، چترال اور قریبی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں کے باعث لوگ اپنے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کچھ دیر کے لیے شدید بے چینی کی کیفیت دیکھنے میں آئی۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور زلزلے کی شدت اور مرکز سے متعلق تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع پہلے ہی شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہیں جس کے باعث امدادی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








