تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر اور اس کے نواحی دیہات میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 23 مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں پسول میں بارش کے دوران آسمانی بجلی ایک کچے مکان پر گری جس کے نتیجے میں 32 سالہ شہری تارو کولی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقامی افراد کے مطابق جاں بحق شخص بارش کے وقت اپنے گھر میں سو رہا تھا۔
بجلی گرنے سے 21 بکریاں اور 2 گائیں ہلاک ہوئیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مویشی گھروں کے قریب چراگاہوں میں چر رہے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی کی زد میں آگئے۔
ضلعی لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کے مطابق 14 جون سے اب تک تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 193 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں جس سے کسان اور دیہی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب صوبائی محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور زیادہ تر وقت محفوظ مقامات پر گزاریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








