کراچی میں بارش، حادثات میں 4 افراد جاں بحق، شہر میں سیلابی صورتحال ،بجلی کا بڑا بحران

تازہ ترین

تازہ ترین

Torrential rains hit Karachi; 4 killed, major flooding and power cuts disrupt city
ONLINE

کراچی میں گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارش نے شہر کو مفلوج کر دیا، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ شدید بارش کے باعث شہر کا 40 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گلستانِ جوہر کے بلاک 12 میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔

شدید بارش کے باعث 800 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ متاثرہ علاقوں میں لیاری، کھارادر، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، کیماڑی، ماڑی پور اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

بارش کے دوران شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا۔ جیل چورنگی، حسن اسکوائر اور شارع فیصل پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، کئی مقامات پر شہریوں کو گاڑیاں چھوڑ کر پیدل چلنا پڑا۔

قائدآباد اور گلشنِ حدید فیز I میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جبکہ سندھ سیکریٹریٹ میں بارش کے باعث پارکنگ شیڈ بھی گر گیا۔

محکمہ موسمیات کے تجزیہ کار جاوید میمن کے مطابق کراچی میں اگلے تین سے چار روز تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

ان کے مطابق صرف کلفٹن میں اب تک 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں بارش کی شدت 60 ملی میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ ہوئی۔

بارش سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال، لیاقت آباد، صدر، فیڈرل بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہیں جہاں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

شہریوں نے شکوہ کیا کہ بارش کے دوران ٹریفک پولیس مکمل طور پر غائب رہی جس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا موجودہ سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے، اس دوران شہر کے بیشتر حصوں میں 40 سے 50 ملی میٹر، بعض علاقوں میں 70 سے 80 ملی میٹر جبکہ کچھ مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔

Related Posts