کراچی میں جاری شدید بارشوں اور خراب موسم نے منگل کو فضائی آپریشن کو شدید متاثر کیا جس کے نتیجے میں کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ایک پرواز کو ہنگامی طور پر دوسرے شہر کی جانب موڑ دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے موسم کی خرابی کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کیں جن میں کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308، کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310اور کراچی سے سکھر جانے والی پرواز پی کے 536 شامل ہیں۔
اسی طرح سکھر سے کراچی واپس آنے والی پرواز بھی آپریشنل مشکلات کے باعث منسوخ کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام کوٹ جانے والی چارٹرڈ پرواز بھی ممکن نہ ہو سکی۔ اس کے علاوہ ایک نجی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی اے 208 بھی موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کر دی گئی۔
شدید بارش اور کمزور حدِ نگاہ کے سبب سکردو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو ہنگامی طور پر سکھر ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے تحت چھوٹے تربیتی طیاروں کی پروازوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام نے فلائنگ اکیڈمیوں کو ہدایت دی ہے کہ اپنے سیسنا طیاروں کو ہینگرز کے اندر وزن کے ساتھ محفوظ کیا جائے تاکہ خراب موسم میں کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا موجودہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث مزید فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایئرلائنز کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں اور روانگی سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








