اجرک نمبر پلیٹس آپ کی گاڑی کو برساتی پانی میں ڈوبنے سے بچائے گی؛ گلوکار طلحہ انجم کا طنزیہ تبصرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا اور کئی گاڑیاں راستوں میں پھنس گئیں۔ لوگ گھنٹوں تک پانی میں گھرے رہے جبکہ اسکولوں اور دفتروں سے واپس آنے والوں کو خاص طور پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی مدد کی۔ کئی مقامات پر مقامی افراد نے پانی میں پھنسے بچوں اور خواتین کو نکالنے میں کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ،فلاحی تنظیموں کے رضاکار بھی امدادی کاموں میں مصروف نظر آئے۔

اس صورتحال پر جہاں عام شہری اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں وہیں مشہور گلوکار و ریپر طلحہ انجم نے بھی اپنے خیالات شیئر کیے۔ انہوں نے ایکس پر ایک طنزیہ پوسٹ میں سندھ حکومت پر تنقید کی اور لکھا کہ کراچی کے رہائشیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی گاڑیوں کی اجرک والی نمبر پلیٹس انہیں ڈوبنے سے بچائیں گی۔

طلحہ انجم کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی ملی اور صارفین نے اسے خوب سراہا۔ کئی لوگوں نے ان کے تبصرے کی حمایت کرتے ہوئے سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر تنقید کی۔ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔

Related Posts