اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے تاریخی اور گیم چینجر ریکوڈک منصوبے کے لیے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔
اس مالی معاونت میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 11 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے جس کا مقصد اس عظیم معدنیاتی منصوبے کو پائیدار اور بروقت سرمایہ فراہم کرنا ہے۔
اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا نے اپنے بیان میں کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا جو نہ صرف معیاری روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھی بنیادی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تانبے اور سونے کی یہ کان پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرے گی جو ملکی اور عالمی سطح پر معیشت کو مضبوط بنانے کا باعث بنے گی۔
ماساتو کانڈا کے مطابق ریکوڈک منصوبہ غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لیے ایک کلیدی قدم ہے۔
اس منصوبے سے عالمی معدنیات کی سپلائی چین کو سہارا ملے گا جبکہ دنیا میں بڑھتی ہوئی اہم معدنیات کی مانگ کو بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صاف توانائی کی منتقلی، خطے میں ڈیجیٹل جدت اور تکنیکی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔
ریکوڈک منصوبہ دنیا کی پانچویں سب سے بڑی کاپر مائن کے طور پر سامنے آئے گا، جہاں پہلے مرحلے میں سالانہ آٹھ لاکھ ٹن کاپر کانسٹریٹ تیار کیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق اس منصوبے سے عالمی سطح پر تانبے کی بڑھتی ہوئی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی جبکہ یہ دھات الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں، موبائل فونز اور ڈیٹا سینٹرز کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
یہ فنانسنگ نہ صرف پاکستان کی معدنیاتی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گی بلکہ معیشت کو متنوع اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی، جو ملکی ترقی کے نئے دور کی بنیاد بنے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








