صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے 23 اگست سے 27 اگست تک جاری رہنے والی مون سون کی آٹھویں لہر کے پیش نظر شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی شب مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بالائی پنجاب میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں پانچ روزہ بارشوں کا نیا دور شروع ہوگا۔ ان بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ بادل پھٹنے اور شدید بارشوں کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے ساتھ ساتھ ان کے معاون ندی نالوں میں پانی کی روانی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج کے اردگرد رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
مزید یہ کہ محکمہ نے بتایا ہے کہ اس وقت دریائے سندھ پر تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ کلاباغ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔ ستلج کے گنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے کا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








