کراچی: بارش کے دوران خاتون سے نازیبا حرکت کرنیوالا ملزم پکڑا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Viral Video Helps Police Arrest Harassment Suspect in Karachi’s Jamshed Town
ONLINE

کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

واقعے کی ویڈیو چند روز قبل بارش کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی جس میں ایک شخص کو راہ چلتی خاتون کے ساتھ نامناسب حرکت کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔ یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی عوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ واقعہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے جمشید ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کیں اور شواہد کی روشنی میں آپریشن کر کے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت حافظ محب اللہ ولد شمس الحق کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم کے خلاف جمشید کوارٹرز تھانے میں سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں خاتون سے زیادتی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ خواتین کو ہراسانی سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

Related Posts