کیریبین پریمئر لیگ: 46 سالہ عمران طاہر 5 وکٹیں اڑاکر گوگل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

46-Year-Old Imran Tahir Turns Back The Clock With Magical Fifer In CPL Clash
FILE PHOTO

کرکٹ کی دنیا کے تجربہ کار لیگ اسپنر اور گیانا ایمیزون واریئرز کے کپتان عمران طاہر نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کو حیران کر دیا۔

46 سالہ عمران طاہر نے کیریبین پریمئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو 83 رنز سے یادگار فتح دلائی۔

گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنائے، جس میں شائے ہوپ کے 54 گیندوں پر شاندار 82 رنز، شمرون ہیٹمائر کے صرف 26 گیندوں پر جارحانہ 65 رنز اور روماریو شیپرڈ کے 8 گیندوں پر ناقابل شکست 25 رنز شامل تھے۔

جواب میں فالکنز نے آغاز تو بہتر کیا مگر عمران طاہر کے باؤلنگ اٹیک نے انہیں سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 15.2 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عمران طاہر نے اپنے اسپیل کا آغاز پہلے ہی گیند پر کیا جب انہوں نے مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن کو ایک چالاک گوگلی کے ذریعے اسٹمپ کروا دیا۔

صرف چند گیندوں بعد انہوں نے مخالف کپتان عماد وسیم کو کیچ آؤٹ کروا کر فالکنز کی بیٹنگ لائن کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔

اس کے بعد شمر اسپرنگر کو فِلپر پر ایل بی ڈبلیو کیا، اسامہ میر کو تیز لیگ بریک سے کلین بولڈ کیا اور آخر میں اوبیڈ مکائے کی وکٹ حاصل کر کے اپنا پانچ وکٹوں کا کارنامہ مکمل کیا۔

عمران طاہر کے 21 رنز کے عوض 5 وکٹوں نے نہ صرف میچ یکطرفہ کر دیا بلکہ انہیں گیانا کی تاریخ کے بہترین باؤلرز میں شامل کر دیا۔

اس سے قبل سہیل تنویر نے 2017 میں 5 رنز کے عوض 3 وکٹیں لی تھیں جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 2015 میں 30 رنز کے عوض 5 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔

یہ کامیابی عمران طاہر کے کیریئر میں ایک اور یادگار باب ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ عمر محض ایک عدد ہے۔

صرف دو میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے عمران طاہر کی قیادت اور کارکردگی گیانا ایمیزون واریئرز کے لیے سی پی ایل 2025 میں ایک بڑا اثاثہ ثابت ہو رہی ہے۔

شائقین کرکٹ کا ماننا ہے کہ ان کی یہ شاندار کارکردگی نوجوان باؤلرز کے لیے بھی ایک بڑی مثال ہے۔

Related Posts