بارش برسانے والے بادل کراچی سے روانہ، دوبارہ برسات کب ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi weather outlook, September 17, 2025
FILE PHOTO

کراچی میں مون سون بارشوں کا تیسرا اور طاقتور سلسلہ جمعرات کے روز اپنے اختتام کو پہنچ گیاجس کی وجہ سے فوری طور پر شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

یہ سلسلہ چار روز تک جاری رہا جس کے دوران شہر قائد میں وقفے وقفے سے شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

سب سے زیادہ اثرات 19 اگست، بروز منگل کو دیکھنے میں آئے جب مختلف علاقوں میں 150 سے 200 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ یہ مقدار تقریباً پورے مون سون کی اوسط بارش (156 ملی میٹر) کے برابر ہے، جس کی وجہ سے شہر بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مکمل سلسلے کے دوران کراچی کے بیشتر علاقوں میں 200 سے 250 ملی میٹر جبکہ کچھ مقامات پر 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کی یہ غیر معمولی شدت اس پیشگوئی کی تصدیق کرتی ہے کہ رواں سال مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

ادھر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں یہ بحث بھی زور پکڑ گئی ہے کہ آئندہ آنے والا مون سون سسٹم اس سے بھی زیادہ طاقتور ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فی الحال ایسا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کی شدت اور سسٹم کی نوعیت کا درست اندازہ اسی وقت ممکن ہوگا جب اگلے موسمی حالات واضح ہوں گے۔

شہر میں اس وقت موسم انتہائی خوشگوار ہے گھنے بادل اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ تیز سمندری ہوا 30سے 37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

Related Posts