پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بڑے صاحبزادے قاسم خان نے اپنے کزنز، شاہریز خان اور شیر شاہ کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بے گناہ اہلِ خانہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔
قاسم خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میرے کزنز شاہریز اور شیر شاہ کو اغوا کرلیا گیا ہے جبکہ حسن نیازی کو فوجی عدالت سے سزا دی گئی ہے۔
یہ ریاستی جبر کی واضح مثال ہے جس کے ذریعے خاندان کو اس لیے سزا دی جا رہی ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو ضمانت دینے کی کوشش کی۔
My cousins Shahrez & Shershah have been abducted, while Hassan Niazi has been convicted in a military court. This is blatant state repression, punishing family members because the Supreme Court tried granting Imran Khan bail.
Such tactics will not break us – they only expose the… pic.twitter.com/sDw63QXZrn
— Kasim Khan (@Kasim_Khan_1999) August 22, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ہتھکنڈے ہمیں توڑ نہیں سکتے بلکہ یہ صرف ناانصافی کو مزید بے نقاب کرتے ہیں۔ بے گناہ خاندان کے افراد کو نشانہ بنانا ظالمانہ اور غیرقانونی ہے اور اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
پولیس کے مطابق لاہور میں جمعے کے روز علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو حراست میں لیا گیا، جب کہ ایک دن قبل ان کے بڑے بھائی شاہریز خان کو بھی رات گئے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کو 9 مئی کے مقدمات میں شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ قاسم اور ان کے چھوٹے بھائی سلیمان خان اپنے والد عمران خان کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں اور انہوں نے عالمی سطح پر مہم بھی چلائی۔
دونوں بھائی حال ہی میں امریکا کا دورہ کر کے مختلف سیاسی رہنماؤں اور کانگریس کے اراکین سے ملاقات کر چکے ہیں تاکہ عمران خان کی گرفتاری کو ’’غیر منصفانہ‘‘ قرار دے کر دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








