بارش کے بعد آئل ٹرمینل ایریا سمندر میں تبدیل؛ شمس شاہوانی کا ملک بھر میں تیل سپلائی کی معطلی کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ایم ایم نیوز )

کراچی میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد شیرین جناح آئل ٹرمینل کے اطراف کئی کئی فٹ پانی جمع ہے جس کے باعث ایندھن لے جانے والے ٹینکرز کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر شمس شاہوانی نے خبردار کیا ہے کہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ سندھ کے دیہی علاقوں اور دیگر شہروں میں بھی تیل کی ترسیل مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

شاہوانی کے مطابق سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور گڑھوں کی موجودگی کی وجہ سے ٹینکرز کی آمدورفت ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے جس سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو ملک بھر میں ایندھن کا سنگین بحران پیدا ہو سکتا ہے کیونکہ پورے پاکستان کو تیل کی فراہمی یہی کراچی سے ہوتی ہے۔

میر شمس شاہوانی نے حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، بھتہ خوری اور انتظامی غفلت کی وجہ سے مسائل حل نہیں ہو پا رہے اور حکومت صرف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک بارش کا پانی نکالا نہیں جاتا اور راستے مکمل طور پر صاف نہیں کیے جاتے اس وقت تک تیل کی سپلائی معطل رہے گی کیونکہ ہم کسی بھی قسم کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

Related Posts