کریسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان میں ایک اور ناقابلِ فراموش سنگِ میل عبور کر لیا تاہم ان کی ٹیم النصر سعودی سپر کپ کا فائنل جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد ٹائٹل الحلال کے نام رہا۔
ہانگ کانگ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں رونالڈو نے پہلے ہاف کے دوران پنالٹی پر گول کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو برتری دلائی بلکہ النصر کی جانب سے اپنے 100 گول مکمل کر کے عالمی سطح پر ایک نئی مثال قائم کر دی۔

یہ کارنامہ انہیں دنیا کا پہلا کھلاڑی بناتا ہے جس نے چار مختلف کلبوں کے لیے 100 یا اس سے زائد گول اسکور کیے۔ اس سے قبل وہ ریال میڈرڈ کے لیے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 145 اور یووینٹس کی جانب سے 101 گول کر چکے ہیں۔
رونالڈو کے گول کے فوراً بعد الحلال کے فرانک کیسی نے میچ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں النصر نے دوبارہ برتری حاصل کی مگر اختتام سے کچھ دیر قبل الحلال کے برازیلین کھلاڑی ایبانیز نے گیند کو ہیڈر کے ذریعے جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک بار پھر برابر کر دیا۔
مقررہ وقت تک اسکور 2-2 رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پہنچا۔ رونالڈو نے اپنی پنالٹی پر گول ضرور کیا لیکن ان کے ساتھی عبداللہ الخیبری نے موقع ضائع کر دیا جس کے نتیجے میں الحلال نے 5-3 سے کامیابی سمیٹ لی اور ٹرافی اپنے نام کی۔

اگرچہ رونالڈو عالمی سطح پر 138 انٹرنیشنل گولز کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، لیکن سعودی عرب میں اب تک وہ کوئی بڑا اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








