کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی بوندا باندی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ بادلوں کے درمیان وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا پھوار پڑنے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق اتوار کی صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد تک پہنچ چکا ہے جس کے باعث موسم میں بھاری پن محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز جو بارش ہوئی وہ سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کے باعث تھی، اور یہ سلسلہ آج اور کل بھی جاری رہ سکتا ہے۔
بارش کی ممکنہ نئی لہر 27 اگست سے؟
چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کے مطابق مون سون کی ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث سندھ کے کئی اضلاع میں آج سے 26 اگست تک بارش کی توقع ہے۔ ان کے مطابق 27 اگست کو کراچی میں بھی بارش ہونے کا امکان موجود ہے تاہم اس بارے میں مزید وضاحت اگلے 48 گھنٹوں میں سامنے آئے گی۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ یہ سسٹم دونوں اطراف سے آ رہا ہے اس کی شدت وقت کے ساتھ کم ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات سمندر سے نمی کے باعث یہ سسٹم مزید طاقت پکڑ لیتا ہے اور زیادہ بارش برسا سکتا ہے۔
کراچی کا موسم غیر متوقع کیوں؟
ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی کی موسمیاتی کیفیت دیگر شہروں سے مختلف ہے۔ ساحلی شہر ہونے کے باعث یہاں موسم بہت تیزی سے بدلتا ہے اور پیش گوئیاں بھی وقتاً فوقتاً متاثر ہو سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے کبھی کم بارش کی توقع کے باوجود اچانک تیز بارش ہو جاتی ہے، اور بعض اوقات شدید بارش کی پیش گوئی کے باوجود بادل برسے بغیر گزر جاتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








