بھارت کے سپر اسٹار رجنی کانت کی نئی فلم جیلر 2 کے حوالے سے تازہ پیش رفت نے شائقین کو ایک بار پھر پرجوش کر دیا ہے۔ 2023 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم جیلر کے سیکوئل پر تیزی سے کام جاری ہے اور اب اس میں ملیالم سنیما کے معروف اداکار سورج وینجاراموڈو کی شمولیت کی خبر نے میڈیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
یاد رہے کہ جیلر کو نیلسن دلیپ کمار نے ڈائریکٹ کیا تھا اور اس نے عالمی سطح پر 650 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے اسے سال کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں شامل کر دیا تھا۔ فلم میں رجنی کانت کے ساتھ ساتھ موہن لال، شیو راج کمار اور جیکی شراف نے بھی اہم کردار نبھائے تھے جن کی پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔
اب جیلر 2 کی کاسٹ میں سورج وینجاراموڈو کی شمولیت سے فلم سے وابستہ توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔ سورج نے حال ہی میں فلم ویر تیرا سورن میں ولن کا کردار ادا کر کے ناظرین کو حیران کر دیا تھا اور اسی بنیاد پر ان کی اداکاری کے جوہر جیلر 2 میں دیکھنے کی امید کی جا رہی ہے۔

فلم کا میوزک ایک بار پھر انیرودھ روی چندر ترتیب دے رہے ہیں جبکہ کہانی پہلے حصے کو آگے بڑھاتے ہوئے تحریر کی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس بار متھوول پانڈیان (رجنی کانت کا کردار) کو نئے چیلنجز اور دشمنوں کا سامنا ہوگا جس کے گرد فلم کا پلاٹ گھومے گا۔
دوسری جانب رجنی کانت کی حالیہ ریلیز کولی بھی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے جس نے اب تک 450 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری لوکیش کنگراج نے کی ہے اور اس میں شروتی ہاسن، ستیہ راج، شوبن ساحر اور ناگارجن نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم میں عامر خان کی خصوصی جھلک (کیمیو) بھی شامل ہے۔
رجنی کانت کے پرستار اب جیلر 2 کے اعلان اور ٹریلر کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور فلمی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ یہ سیکوئل باکس آفس پر ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








