صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پتوکی کے نواحی گاؤں کوٹ سردار کاہن سنگھ میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک لڑکی سے مبینہ طور پر طویل عرصے تک زیادتی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ایک نوجوان نے ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر تقریباً ایک سال تک زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کے انکار پر نہ صرف ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا بلکہ اس میں ملوث دیگر افراد کے کردار پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
متاثرہ خاندان کی جانب سے مقدمہ درج کروانے کے بعد معاملہ مقامی سطح پر تشویش کا باعث بن چکا ہے جبکہ پولیس کے مطابق نامزد ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے اور تفتیش جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
یاد رہے کہ 3 روز قبل فیصل اباد میں تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے مٹھائی والا چوک میں 7 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا کیس سامنے آیا تھا۔صائمہ نامی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اس کی سات سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








