اتر پردیش کے علاقے رام پور میں ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعے نے نہ صرف مقامی پنچایت کو چونکا دیا بلکہ پورے علاقے میں موضوع بحث بنا دیا ہے۔ ایک خاتون نے پنچایت کے روبرو ایسا مطالبہ رکھ دیا جس نے سب کو پریشان کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق رام پور کی تحصیل عظیم نگر کی رہائشی خاتون کی ڈیڑھ سال قبل قریبی گاؤں میں شادی ہوئی تھی لیکن شادی کے کچھ ہی عرصے بعد اس کا پڑوس کے ٹانڈہ علاقے کے ایک نوجوان سے معاشقہ شروع ہو گیا۔ خاتون اس دوران دس مرتبہ اپنے عاشق کے ساتھ گھر چھوڑ کر فرار ہو چکی ہے۔
بار بار کی اس صورتحال سے تنگ آ کر لڑکی کے شوہر اور اہلِ علاقہ نے ایک مقامی پنچایت کا انعقاد کیا تاکہ کوئی مستقل حل نکالا جا سکے۔ پنچایت میں خاتون نے اپنا موقف کھل کر پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو اپنے شوہر کو چھوڑنا چاہتی ہے اور نہ ہی اپنے عاشق سے رشتہ ختم کرنا چاہتی ہے۔ خاتون نے تجویز دی کہ اسے اجازت دی جائے کہ وہ مہینے کے 15 دن اپنے شوہر اور 15 دن اپنے عاشق کے ساتھ گزارے۔
خاتون کی یہ عجیب و غریب تجویز سن کر پنچایت کے شرکاء حیران رہ گئے جبکہ اس کے شوہر نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے بیوی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا اور اسے اس کے عاشق کے پاس چھوڑ کر خود تنہا اپنے گھر واپس چلا گیا۔
اس واقعے سے پہلے بھی خاتون کئی مرتبہ اپنے عاشق کے ساتھ فرار ہوچکی تھی اور ہر بار پنچایت یا پولیس کی مداخلت سے واپس لائی گئی۔ آخری بار شوہر نے تھانے میں رپورٹ درج کروائی تھی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بازیاب کر کے شوہر کے حوالے کیا، مگر اگلے ہی روز وہ پھر اپنے عاشق کے پاس چلی گئی۔
یہ انوکھا اور غیر معمولی واقعہ اب نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ سوشل میڈیا اور خبروں میں بھی خوب چرچا حاصل کر رہا ہے جہاں لوگ حیرانی، مذاق اور افسوس کے ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








