نارروال میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، درجنوں دیہات کا رابطہ منقطع، کسان کھیتوں میں پھنس گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ڈان

نارووال کی تحصیل ظفروال میں نالہ ڈیک میں سیلابی ریلے سے منگوال پل ٹوٹ گیا جس کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

سیلاب سے ڈیلڑہ، نکی اور گوجراں میں فصلیں تباہ ہوگئیں اور کھیتوں میں کھڑے کسان پانی میں پھنس گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ سیالکوٹ اور ظفروال کو ملانے والا  پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے اور  اُددو فتح، ڈھوڈا، سوکن ونڈ  اور چکور سمیت متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہنجلی کےمقام پر نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجےکا سیلاب ہے۔  نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ  62 ہزار کیوسک ہے۔

دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈیم تھین گنجائش کے مطابق 97 فیصد بھرچکا ہے، اسپل ویز کسی بھی وقت کھولے جاسکتے ہیں، بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں اور بھارتی ڈیم سے پانی کے ممکنہ  اخراج کے باعث دریائے  راوی میں  اونچے درجےکا سیلاب  متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق تھین ڈیم سے پانی کےاخراج اور بھارتی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث دریائے راوی میں اونچے درجے کا بہاؤ متوقع ہے۔ پیرپنجال رینج کے نالوں بین، بسنتر اور ڈیک میں بھی اونچے درجے کا بہاؤ  اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ  شہری دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور  رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Related Posts