خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور نازیبا مواد اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران چھ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ظہور آفریدی کے مطابق، گرفتار ہونے والا ٹک ٹاکر سوشل میڈیا پر ایسا مواد شیئر کر رہا تھا جو اخلاقی حدود سے تجاوز کرتا ہے اور معاشرتی بگاڑ کا سبب بن رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کو مثبت سرگرمیوں کے بجائے منفی اور غیر ذمہ دارانہ مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے جو معاشرے میں بے راہ روی کو فروغ دے رہا ہے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ فحش زبان، گالم گلوچ اور غیر شائستہ گفتگو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قسم کی حرکات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








