لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث سول انتظامیہ نے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور پسرور میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 27 اگست سے اگلے حکم تک بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور ان سے پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت کے پیش نظر پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں۔
اس دوران تدریسی و ہم نصابی سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی اور احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گھروں میں رہیں اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں کیونکہ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گجرات اور سیالکوٹ میں بدھ کے روز عام تعطیل کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
محکمہ قومی آفات (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کمزور اور نشیبی علاقوں سے فوری انخلا پر زور دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے مطابق پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے اب تک ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
گجرات کی ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی اور سیالکوٹ کی ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے ہیڈ مرالہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران شاہباز پور پل کے قریب پھنسے ہوئے 20 افراد کو کامیاب آپریشن کے بعد بچا لیا گیا۔
ادھر گجرات میں موبائل فون سروس شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی متعدد علاقوں میں نہایت سست یا مکمل طور پر بند ہے، جس سے عوام کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








