ذخیرہ اندوزوں نے آٹا پھر مہنگا کردیا، 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت کہاں پہنچ گئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Sindh fixes price of 100kg flour bag at Rs9,500
FILE PHOTO

پشاور: شہر بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔

مقامی آٹا ڈیلرز کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمت میں 15 سے 20 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت 20 کلو چکی کا آٹا 1800 روپے جبکہ فائن آٹا 1900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ڈیلرز نے قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ بڑے پیمانے پر گندم کی ذخیرہ اندوزی کو قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق مافیا نے کسانوں سے بڑی مقدار میں گندم براہِ راست خرید کر گوداموں میں جمع کر لی ہے جس سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا اور حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر پنجاب میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ صرف ایک ہفتے میں فی من (40 کلو) گندم کی قیمت 300 روپے بڑھ کر 3100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران فی من گندم تقریباً 1000 روپے مہنگی ہو چکی ہے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 500 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔

قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے صارفین اور تاجروں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے اچانک گندم مارکیٹ سے ریگولیشن ختم کرنے کے فیصلے نے ذخیرہ اندوزوں اور سٹہ بازوں کو کھلا میدان فراہم کر دیا ہے جس کے نتیجے میں بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں بے قابو مہنگائی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

Related Posts