سامنے کھڑے کرکے گولیوں سے بھون دیا! کوئٹہ میں غیرت کے نام پر ایک اور جوڑا قتل

تازہ ترین

تازہ ترین

Two shot dead in honour killing incident in Quetta
(فوٹو؛ فائل)

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے بولان میں بھاگ ناری کے گاؤں نور و ہارا میں غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے جوڑے کو قتل کردیا گیا، نامعلوم مسلح افراد نے دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد وہ موقع پر دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جولائی 2025 میں بھی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، جس میں ایک خاتون کو سات جبکہ ایک مرد کو نو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کی جانب سے پوسٹ مارٹم رپورٹ نے اس لرزہ خیز واردات کی تصدیق کی تھی۔

اس سے قبل جون میں کوئٹہ کے نواحی علاقے دگاری میں ایک جوڑے کے قتل کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا جس نے پورے ملک میں شدید غم و غصہ پیدا کیا تھا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں نے حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ مقتولین کی شناخت بانو بی بی ستک زئی اور احسان اللہ سملانی کے ناموں سے ہوئی تھی۔

بلوچستان میں ایسے جرائم نے نہ صرف معاشرتی اقدار پر سوالیہ نشان کھڑا کیا ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بھی بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Related Posts