سعودی عرب کے جنوبی مغربی علاقے اسیر میں شدید بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ موسلادھار بارش کے بعد اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے کئی گاڑیوں کو بہا لیا جبکہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں گاڑیوں کو پانی کے تیز بہاؤ میں بہتے اور شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں دیکھا جا سکتا ہے۔ انتظامیہ نے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے 10 سے زائد علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید تیز بارشوں، آندھی، ژالہ باری اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں نجران، جازان، اسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شامل ہیں جہاں بعض مقامات پر گرد و غبار کے طوفان بھی حدِ نگاہ کو محدود کر سکتے ہیں۔
نیشنل سینٹر برائے موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








