خوشیاں میں سوگ میں بدل گئیں؛ قاہرہ ٹرین حادثے میں کئی زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ مصری میڈیا)

مصر کے شمال مغربی ساحلی علاقے مرسى مطروح سے دارالحکومت قاہرہ جانے والی مسافر ٹرین خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 94 سے زائد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جب مکمل مسافروں سے بھری ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں 7 بوگیاں متاثر ہوئیں جن میں سے 2 بوگیاں مکمل طور پر الٹ گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور 30 ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق ٹریک کی حالت، سگنلنگ سسٹم یا انسانی غلطی کو ممکنہ عوامل قرار دیا جا رہا ہے تاہم حتمی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آئی۔

وزارت صحت اور ریلوے حکام واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ حکومت نے متاثرین کے لواحقین سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ مصر میں ریلوے نظام کو ماضی میں بھی کئی حادثات کا سامنا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک میں ریل کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے وسیع اصلاحات کی ضرورت ہے کیونکہ ناقص حفاظتی نظام اور پرانی پٹریاں اکثر حادثات کا سبب بنتی رہی ہیں۔

Related Posts