ملکی سالمیت کے خلاف خوفناک سازش ناکام؛ کالعدم سندھ ریوولوشنری آرمی کے 3 دہشتگرد گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک کو ایک بڑے دہشت گرد حملے سے بچا لیا۔ کارروائی کے دوران تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سندھ ریوولوشنری آرمی (SRA) سے بتایا جا رہا ہے۔

گرفتار افراد کی شناخت عامر لطیف چانگ، شعیب چانگ اور شعبان چانگ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ افراد ریلوے ٹریک پر بم نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ کسی بڑی تباہی کو جنم دیا جا سکے تاہم سی ٹی ڈی کی بر وقت کارروائی سے یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو ہینڈ گرینیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، بال بیئرنگ، نٹ بولٹس، ریموٹ کنٹرول، تاریں اور دیگر تخریبی سامان برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار مرکزی ملزم عامر لطیف چانگ پہلے بھی دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے اور اس پر 20 لاکھ روپے انعام کی رقم مقرر تھی۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ پنجاب جانے والے کارگو ٹرکوں پر فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہے ہیں۔

تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ دہشتگردوں کو یہ حملہ نور چانڈیو نامی شخص کی ہدایت پر انجام دینا تھا جو کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک کو چلا رہا ہے واضح رہے کہ یہ منصوبہ 14 اگست کے دن عمل میں لایا جانا تھا تاہم سخت سیکیورٹی کے باعث یہ کوشش ناکام رہی جبکہ سی ٹی ڈی نے ایک اور خطرناک منصوبے کا انکشاف بھی کیاکہ ایسا حملہ 6 ستمبر کو انجام دینے کا منصوبہ تھا تاکہ امن کو مشتعل کیا جا سکے۔

سی ٹی ڈی نے اس کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے مزید تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے ارکان کی تلاش جاری ہے۔

Related Posts