پاکستانی گلوکار و اداکار ’اذان سمیع خان‘ نے حال ہی میں اپنے والد، معروف گلوکار ’عدنان سمیع‘ کے ماضی کے فیصلوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کا سامنا کرنے پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بار بار ’غدار کا بیٹا‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے جو ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے۔
اداکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا، ’کیا مجھے ساری زندگی اپنی حب الوطنی ثابت کرنی پڑے گی؟ میں ایک محبِ وطن خاندان سے تعلق رکھتا ہوں اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرتا ہوں۔‘
اذان سمیع خان نے اپنے والد کے ساتھ تعلق کو تین پہلوؤں میں بیان کیا، اور کہا کہ ایک فنکار کے طور پر ان کی صلاحیتوں کو سمجھنا، ایک بیٹے کے طور پر ان سے محبت اور احترام رکھنا اور حالات نے انہیں دنیا کی حقیقت سمجھنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عدنان سمیع ایک حساس فنکار ہیں جنہیں سیاسی حالات کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر انہوں نے بھارتی شہریت اختیار کی۔ تاہم اذان نے واضح کیا، ’میں اپنے والد کا دفاع نہیں کر رہا، میں صرف انہیں سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔‘
اذان نے کہا کہ انہیں کئی بار یہ دباؤ بھی کیا گیا کہ وہ اپنے والد کے خلاف کھل کر بات کریں، لیکن انہوں نے ہمیشہ انکار کیا۔ میں اپنے والد سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں، جیسا کہ میرا ایمان مجھے سکھاتا ہے۔ میں ہمیشہ ان کا بیٹا رہوں گا۔
انہوں نے اپنی والدہ اور سینئر اداکارہ ’زیبا بختیار‘ کے بارے میں کہا کہ وہ ان کی سب سے بڑی نقاد ہیں۔ ’ہر ڈرامے کے بعد میں ان کی رائے ضرور لیتا ہوں اور اسے سنجیدگی سے لیتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ اذان سمیع کے والد عدنان سمیع خان ایک مشہور گلوکار، موسیقار اور کمپوزر ہیں، انہوں نے پاکستان کی شہریت ترک کرکے بھارتی شہریت اختیار کی ہے۔
اصل صورتحال کچھ یوں ہے کہ عدنان سمیع خان 1969 میں لندن میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پاکستانی پائلٹ اور سفارت کار تھے، اسی بنیاد پر وہ پاکستانی شہری تھے۔ وہ طویل عرصہ بھارت میں مقیم رہے اور وہاں موسیقی کے میدان میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔
2015 میں بھارتی حکومت نے انہیں مستقل رہائش کی اجازت دی۔ بعدازاں 2016 میں بھارت نے باضابطہ طور پر عدنان سمیع کو بھارتی شہریت دے دی، جس کے بعد انہوں نے پاکستانی شہریت چھوڑ دی۔
یہ فیصلہ پاکستان میں کافی متنازع رہا اور عدنان سمیع کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، جبکہ بھارت میں انہیں کھلے دل سے قبول کیا گیا۔
اس کے علاوہ عدنان سمیع خان سوشل میڈیا بالخصوص ایکس پر پاکستان کے خلاف اپنے نفرت بھرے جذبات کے پرچار کیلئے بھی جانے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی آئے دن پاکستانیوں کے ساتھ جھڑپیں چلتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








