حکومت نے آج سے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے عہدیداران بھی شریک ہوئے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوٹلیٹی کارپوریشن کا ملکی معشیت میں اہم کردار رہا، یوٹلیٹی اسٹورز پاکستان میں 1971 میں قائم کیے گئے تھے، یوٹلیٹی کارپوریشن کا خسارہ کم کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود خسارہ کم نہ ہونے کی صورت میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کیا گیا، وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق آج 31 اگست کو یوٹیلٹی اسٹورز بند کیے جارہے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکے ملازمین کی تعداد 11ہزار614 ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے لئے متفقہ پیکج تیارکیا گیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کو مجموعی طور پر 28 ارب روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے۔
وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ملک بھرمیں یوٹیلیٹی اسٹورز کے اثاثوں کو نیلام کیا جائے گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے کنٹریکٹ ملازمین کو بھی پیکج دیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








