بالی وڈ میں غم کی گھٹائیں چھا گئیں؛ اداکارہ پریا مراٹھے کینسر سے جنگ ہار گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ انڈین میڈیا)

بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ پریا مراٹھے جو مقبول ڈرامہ سیریل پویتا رشتہ میں ورشا کے کردار کے لیے جانی جاتی تھیں اتوار کے روز 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

رپورٹس کے مطابق پریا مراٹھے نے 31 اگست 2025 کو ممبئی کے میرا روڈ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ وہ گزشتہ ایک سال سے کینسر کے موذی مرض سے لڑ رہی تھیں اور علاج کے باوجود صحت یاب نہ ہو سکیں۔

23 اپریل 1987 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی پریا نے اپنی تعلیم اسی شہر میں مکمل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اسٹینڈ اپ کامیڈی سے کیا اور بعد میں ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کا پہلا ڈرامہ مراٹھی سیریل یا سکھانو یا تھا جس کے بعد انہوں نے چار دیوس ساسوچے میں بھی اداکاری کی۔

ان کے کیریئر کا اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں پویتا رشتہ میں ورشا کا کردار ملا جہاں انہوں نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کام کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بڑے اچھے لگتے ہیں میں جیوتی ملوترا اور مراٹھی ڈرامے تو تیتھے می میں پریا موہتے کے کردار سے خوب شہرت حاصل کی۔ 2017 میں وہ ساتھ نبھانا ساتھیا میں بھوانی رتھوڑ کے منفی کردار میں نظر آئیں جسے ناظرین نے بہت سراہا۔

پریا نے 2012 میں اداکار شنتانو موگھے سے شادی کی جو تاریخی سیریل سواراجیہ رکشاک سمبھاجی میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں۔ نجی زندگی میں پریا ایک روحانی شخصیت تھیں اور اپنے قریبی حلقے میں اپنی سادگی اور گرمجوشی کی وجہ سے بہت پسند کی جاتی تھیں۔

ان کی اچانک وفات سے ان کے ساتھیوں دوستوں اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ کئی افراد نے ان کی موت پر صدمے اور دکھ کا اظہار کیا انہیں ایک باصلاحیت اداکارہ اور نیک دل انسان کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

Related Posts