افغانستان میں قیامت کا منظر؛ 622 افراد جاں بحق، سیکڑوں ملبے تلے دب گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ افغان میڈیا)

مشرقی افغانستان میں حالیہ زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی دی ہے جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 622 تک جا پہنچی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق یہ زلزلہ رات گئے مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 47 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے تقریباً 20 منٹ بعد ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت 4.5 تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ صوبہ کنڑ ہے جہاں سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان مفتی عبدالمتین نے بتایا ہے کہ صرف کنڑ میں 610 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 1300 زخمی ہیں۔ ننگرہار میں بھی 12 افراد کی ہلاکت اور 225 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زلزلے نے کئی علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

Taliban soldiers and civilians carry victims to an ambulance at an airport in Jalalabad, Afghanistan. Pic: Reuters
Taliban soldiers and civilians carry victims to an ambulance at an airport in Jalalabad, Afghanistan. Pic: Reuters

 

اقوامِ متحدہ نے افغانستان کے مشرقی علاقے میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس نے سیکڑوں جانیں لے لیں اور بہت سے افراد کو زخمی کر دیا۔

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں اقوامِ متحدہ کے حکام نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور ہنگامی امداد و جان بچانے والی مدد فراہم کر رہی ہیں۔ ہماری ہمدردیاں متاثرہ کمیونٹیوں کے ساتھ ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد افغان عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی ٹیم افغانستان میں متحرک ہے اور متاثرہ علاقوں میں ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

Related Posts