پائلٹ سمیت تمام عملہ شہید؛ گلگت میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر کیسے کریش ہوا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ڈان نیوز)

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں پیر کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک فوجی ہیلی کاپٹر چلاس کے علاقے تھور میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراقی نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر آرمی ایوی ایشن کا تھا جس میں دو پائلٹس کے علاوہ تین افراد پر مشتمل تکنیکی عملہ سوار تھا۔

حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ ایف سی این کے کمانڈر، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس، کمشنر دیامر اور بڑی تعداد میں شہری جائے وقوعہ پر پہنچے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور لاشوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عبدالحمید کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

حادثے کی وجوہات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فی الحال حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر تکنیکی خرابی کو ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔

ابھی تک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Related Posts