نیٹ فلکس کی تھرلر سیریز ویڈنزڈے میں اداکارہ جینا آرٹیگا ایک بار پھر ٹھنڈے مزاج اور تیز ذہانت رکھنے والی تفتیشی طالبہ ویڈنزڈے ایڈمز کے روپ میں واپس لوٹ آئی ہیں۔ سیزن 1 میں ہائڈ معمہ حل کرنے کے بعد اب سیزن 2 میں ویڈنزڈے کو ایک اور تاریک اور پیچیدہ چیلنج کا سامنا ہے۔
سیزن 2 کے پہلے حصے میں کہانی اس وقت ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے جب ویڈنزڈے اچانک اپنی غیبی طاقتوں سے محروم ہو جاتی ہے۔ اسی دوران نیورمور اکیڈمی کے آس پاس پراسرار قتلوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جس کی گتھیاں سلجھانا اب اُس کی نئی تفتیش کا مرکز بن جاتا ہے۔
صورتحال اس وقت ذاتی ہو جاتی ہے جب ویڈنزڈے کو ایک خوفناک پیش گوئی نظر آتی ہےکہ اس کی قریبی دوست اور روم میٹ اینِڈ سنکلیئر (ایما مائرز) مار دی جائے گی اور اس کی موت کی ذمہ داری ویڈنزڈے پر ہوگی۔
تفتیش اسے وِلو ہِل نامی ایک پراسرار پاگل خانے تک لے جاتی ہے جو نیورمور اکیڈمی کے قریب واقع ہے۔ یہاں وہ ایک ایسا راز بے نقاب کرتی ہے جو سامعین کو جھنجھوڑ دیتا ہے اس ادارے کے لوگ دراصل عام (نورمی) طلبہ کو ماورائی طاقتیں دینے کے لیے ان پر خطرناک تجربات کر رہے ہیں۔
ویڈنزڈے جب قیدیوں کو آزاد کراتی ہے تو غیر ارادی طور پر اپنا پرانا دشمن ٹائلر (ہنٹر ڈوہان) بھی رہا کر دیتی ہے وہی ہائڈ جسے سیزن 1 کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نتائج خطرناک نکلتے ہیں: لاشیں گرنے لگتی ہیں اکیڈمی میں ہلچل مچ جاتی ہے اور ویڈنزڈے خود بھی ایک حملے میں بے ہوش ہو جاتی ہے۔
اسی دوران ٹائلر ایک بار پھر اندھیرے میں غائب ہو جاتا ہے یہ وہی سنسنی خیز کلائمیکس ہے جس پر سیزن 2 کے پہلے حصے کا اختتام ہوا تھا جس نے ناظرین کو اگلے حصے کے لیے بے چین کر دیا۔
یاد رہے کہ سیزن 2 کے آخری چار اقساط آج نیٹ فلکس پر ریلیز کر دی گئی ہیں جن میں یہ دیکھا جائے گا کہ ویڈنزڈے کس طرح اس نئے دشمن سے نمٹتی ہے اور اپنی دوست کو بچانے کی کوشش میں خود کہاں تک جاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








