نیٹ فلکس کی مقبول ترین سیریز ویڈنزڈے کے مداحوں کا انتظار بالآخر ختم ہو گیا۔ سیزن 2 کا دوسرا اور آخری حصہ آج ریلیز کر دیا گیا جس میں کہانی کو دلچسپ انداز میں مکمل کرتے ہوئے سیزن 3 کے لیے نئی راہوں کا اشارہ بھی دیا گیا ہے۔
سیزن 2 کے پہلے چار اقساط رواں سال اگست میں ریلیز کی گئی تھیں جبکہ بقیہ چار اقساط کا اجرا آج ہوا۔ اگرچہ کئی ناظرین نے اس سیزن کو پہلے سیزن کے شایانِ شان قرار دیا تاہم نیٹ فلکس کے تقسیم شدہ ریلیز فارمیٹ پر بعض مداحوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا خاص طور پر تین سال کے طویل وقفے کے بعد آنے والے اس سیزن کے درمیان اچانک وقفے کو غیر ضروری قرار دیا گیا۔
اس کے باوجود، پارٹ 2 نے شائقین کو مایوس نہیں کیا۔ ایک بار پھر جینا آرٹیگا نے ویڈنزڈے ایڈمز کے کردار میں شاندار کارکردگی دکھائی تاہم اس بار سب سے زیادہ داد ایما مائرز نے سمیٹی، جو “اینِڈ سنکلیئر” کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ چھٹی قسط میں دکھائے گئے فریکی فرائیڈے طرز کے دلچسپ ٹوئسٹ نے دونوں اداکاراؤں کو ایک دوسرے کی شخصیت میں ڈھلنے کا موقع دیا جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
اس حصے میں پہلے متعارف کروائے گئے کئی کرداروں کی کہانیوں کو بھی مزید وسعت دی گئی ہے خصوصاً ایگنس (ایوی ٹیمپلٹن) کی غیبی صلاحیتیں اب کہانی میں زیادہ مرکزی حیثیت اختیار کر گئی ہیں۔ دیگر پسندیدہ کردار جیسے بایانکا بارکلے (جوی سنڈے) اور ایجیکس (جارجی فارمر) کی واپسی بھی سیریز میں جان ڈالتی ہے جبکہ نیورمور اکیڈمی میں خطرات اور پُراسرار اموات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
اس حصے کے اختتام پر جہاں پرانے سوالات کے جواب دیے گئے وہیں کچھ نئے معمہ خیز سوالات بھی جنم لے چکے ہیں، جو سیزن 3 کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ فی الحال نیٹ فلکس کی جانب سے تیسرے سیزن کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








