لاہور: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے صاحبزادے شیرشاہ خان کو مئی 9 جناح ہاؤس حملہ کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت دے دی،عدالت نے ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج منظر علی گل نے استغاثہ اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران شیرشاہ خان کی والدہ علیمہ خان بھی عدالت میں موجود رہیں۔ شیرشاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور نہ ہی وہ کسی پرتشدد کارروائی میں شریک رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق شیرشاہ خان کو جناح ہاؤس پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے وقت ان کے قبضے سے ایک ڈنڈا برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔
گزشتہ روز اسی عدالت نے شیرشاہ کے بھائی شہر یز خان کو بھی مئی 9 واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں ضمانت دی تھی۔ شہریز کو 21 اگست کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
ایف آئی آرز میں دونوں بھائیوں پر جناح ہاؤس حملے سمیت پولیس وینز کو آگ لگانے، سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد ہیں۔
مزید دعویٰ کیا گیا کہ شیرشاہ خان واقعات کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے اور تقریباً دو سال لندن میں مقیم رہنے کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مبینہ طور پر ریاست مخالف پروپیگنڈا مہم چلاتے رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








