برطانیہ کی داخلی سیکیورٹی پاکستانی خاتون کے سپرد؛ شبانہ محمود کی تاریخی تقرری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

برطانیہ میں سیاسی تبدیلیوں کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود کو ملک کی نئی وزیر داخلہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری نائب وزیراعظم اینجیلا رینر کے مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے شبانہ محمود کو یہ اہم ذمے داری سونپی۔ اس فیصلے کا مقصد نہ صرف حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی بحال کرنا ہے، جو حالیہ استعفے سے متاثر ہوا تھا۔

این جیلا رینر نے اپنی نجی جائیداد کے ٹیکس سے متعلق ایک غلطی پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد یہ سیاسی تبدیلیاں ناگزیر سمجھی گئیں۔

نئی وزیر داخلہ شبانہ محمود جو ماضی میں وزیر انصاف کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں لیبر پارٹی کی صف اول کی مسلم رہنماؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ 2010 سے پارلیمنٹ کی رکن ہیں اور پارٹی کے مختلف ادوار میں کئی اہم ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں تاہم انہوں نے سابق لیبر رہنما جیرمی کوربن کی کابینہ میں شامل ہونے سے گریز کیا تھا۔

image; online

ادھر وزیراعظم اسٹارمر نے ڈیوڈ لامی کو نیا نائب وزیراعظم مقرر کر دیا ہے جو اس سے پہلے وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز تھے۔ ان کی جگہ یویٹ کوپر کو وزیر خارجہ بنایا گیا ہے جو اس سے قبل وزیر داخلہ کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

شبانہ محمود کی تقرری نہ صرف لیبر پارٹی میں ایک نئی قیادت کے ابھرنے کا عندیہ ہے بلکہ برطانوی سیاست میں اقلیتوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کی بھی عکاس ہے۔

Related Posts