اسپورٹی لُک اور زبردست فیچرز؛ جانیں ہونڈا ایسپائر ایس میں کیا ہے خاص

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ہونڈا نے 2025 کے لیے اپنی مشہور گاڑی سٹی کا نیا ماڈل Aspire S کے نام سے پیش کر دیا ہے۔ یہ ماڈل نئے رنگ، بہتر ڈیزائن اور کچھ اضافی فیچرز کے ساتھ آیا ہے لیکن اس کا انجن وہی پرانا اور بھروسے مند رکھا گیا ہے جو ہونڈا سٹی کی پہچان ہے۔

اس گاڑی میں اب ایل ای ڈی ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس شامل کی گئی ہیں اور کاربن فائبر جیسا بارڈر لگایا گیا ہے جو گاڑی کو زیادہ جدید اور تیز تاثر دیتا ہے۔ فرنٹ گرِل کو چمکدار کروم کے بجائے سیاہ کروم میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دروازوں کے ہینڈلز، سائیڈ مررز اور ٹائرز کے ڈیزائن میں بھی سیاہ یا ڈارک کروم ٹچ دیا گیا ہے جو اسے پہلے سے زیادہ اسپورٹی بناتا ہے۔

ہونڈا نے اس ماڈل میں دو نئے رنگ بھی شامل کیے ہیں، ایک ہلکا نیلا جسے Canyon River Blue کہا جا رہا ہے اور ایک تیز سرخ جسے Ignite Red کا نام دیا گیا ہے۔

اس ماڈل میں انجن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ 1.5 لیٹر پیٹرول انجن 118 ہارس پاور کے ساتھ CVT گیئر میں آتا ہے۔ یہ انجن ایندھن بچانے میں مشہور ہے اور شہر میں روزمرہ استعمال کے لیے کافی بہتر سمجھا جاتا ہے۔

گاڑی کے پچھلے حصے میں بلیک رنگ کا اسپوائلر لگایا گیا ہے جس میں ایل ای ڈی بریک لائٹ بھی شامل ہے۔ نئی ریئر لائٹس بھی جدید طرز کی ہیں۔ ڈِگی کی گنجائش 510 لیٹر ہے، جو اپنی کلاس میں سب سے بڑی مانی جا رہی ہے، یہاں تک کہ ہونڈا سوِک سے بھی زیادہ۔

اندرونی حصے میں لیدر کی سیٹیں دی گئی ہیں، اسٹیئرنگ اور گیئر لیور کو لیدر میں خوبصورت سلائی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ گاڑی میں پُش اسٹارٹ بٹن، کی لیس انٹری اور اندرونی حصے میں گہرے رنگ کا ٹچ دیا گیا ہے جو اسے اسپورٹی انداز دیتا ہے۔

ٹیکنالوجی کے لحاظ سے 9 انچ کی ٹچ اسکرین موجود ہے جس میں نیویگیشن، بلوٹوتھ اور وائرڈ اینڈرائیڈ آٹو کی سہولت موجود ہے لیکن ایپل کار پلے شامل نہیں کیا گیا۔ ساؤنڈ سسٹم 6 اسپیکرز پر مشتمل ہے (4 اسپیکرز اور 2 ٹوئیٹرز)۔ اس کے علاوہ کروز کنٹرول، ایکو موڈ، خودکار بند ہونے والے سائیڈ مررز اور ایندھن بچت میٹر بھی شامل ہیں۔

پچھلی نشستوں پر دو بالغ افراد اور ایک بچہ آرام سے بیٹھ سکتے ہیں یا تین عام قامت والے افراد تھوڑے فاصلے تک بیٹھ سکتے ہیں۔ پچھلی نشستوں پر اے سی وینٹ، دو فاسٹ چارجنگ یو ایس بی پورٹس، ایک 12V ساکٹ اور کپ ہولڈر والا آرم ریسٹ دیا گیا ہے، لیکن درمیان والے مسافر کے لیے ہیڈ ریسٹ موجود نہیں۔

یہ گاڑی اُن خریداروں کے لیے اچھی ہے جو سادہ ماڈلز سے کچھ بہتر اور اسٹائلش سیڈان چاہتے ہیں لیکن مہنگے ماڈلز پر نہیں جانا چاہتے۔ Aspire S روزمرہ کے استعمال کے لیے آرام دہ، خوبصورت اور بھروسا مند انتخاب ہو سکتی ہے۔

Related Posts