جشن عید میلاد النبی، کیا آپ جانتے ہیں نبی ﷺ کی ولادت کو کتنے سال گزر چکے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں آج عید میلاد النبی ﷺ انتہائی دینی و روحانی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں بالخصوص پاکستان میں گلی گلی، نگر نگر سبز پرچموں کی بہار ہے، جلوسوں اور محافلِ نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں لاکھوں فرزندانِ توحید ہاتھوں میں جھنڈیاں اٹھائے درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے ہوئے جلوسوں میں شریک ہیں۔

اس حوالے سے ملک کے بڑے شہروں میں مرکزی جلوسوں نے فضا کو عشقِ رسول ﷺ سے معطر کر دیا ہے اور ہر طرف درود و سلام اور نعتوں کی گونج ہے۔ سوال یہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کو آج تک کتنے برس بیت چکے ہیں؟

ولادت نبوی کو کتنے سال ہوگئے؟

ماہرین کے مطابق ولادتِ نبوی ﷺ عام الفیل (جس سال ابرہہ حاکم یمن نے ہاتھیوں کے لشکر کے ساتھ کعبہ شریف پر حملہ کیا) میں ہوئی جو اپریل 571ء کے قریب کا وقت تھا۔ اگر موجودہ عیسوی سال 2025 کو دیکھا جائے تو شمسی (گریگورین) کیلنڈر کے مطابق ولادتِ نبوی ﷺ کو تقریباً 1454 برس گزر چکے ہیں۔

دوسری طرف ہجری تقویم کے مطابق آج 12 ربیع الاول 1447 ہجری ہے۔ چونکہ ہجری کیلنڈر کا آغاز ہجرتِ مدینہ (622 عیسوی) سے ہوا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت ہجرت مدینہ سے 53 سال پہلے ہوئی تھی، اس حساب سے ولادتِ نبوی ﷺ کو ہجری کیلنڈر کے حساب سے 1500 برس گزر چکے ہیں۔

یوں ولادتِ نبوی ﷺ کی یاد تازہ کرنے والا آج کا دن ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ساڑھے چودہ سو برس قبل کے پیغامِ رحمت کو آج ہم کس حد تک اپنی زندگیوں میں نافذ کر پائے ہیں۔

Related Posts