گجرات کے شہر جوناگڑھ سے تعلق رکھنے والے ابراہیم قادری جو حیرت انگیز حد تک بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان سے مشابہت رکھتے ہیں حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ میگزین ووگ انڈیا کے سرورق پر جلوہ گر ہوئے۔ یہ مقام انہیں صرف شکل کی مماثلت کی وجہ سے نہیں بلکہ برسوں کی محنت اور مشکلات سے گزرنے کے بعد حاصل ہوا ہے۔
ابراہیم قادری ایک وقت میں ہاتھ سے ہورڈنگز پینٹ کر کے روزی کماتے تھے مگر ڈیجیٹل اشتہارات کے آنے سے ان کا یہ ذریعہ معاش تقریباً ختم ہو گیا۔ وہ شدید مالی مسائل کا شکار ہو گئے اور دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہو گیا۔ اسی دوران ان کی زندگی میں وہ موڑ آیا جس نے سب کچھ بدل دیا۔
ابراہیم کے مطابق بچپن سے ہی لوگ اُن کی شکل کو شاہ رخ خان سے ملاتے تھے لیکن انہوں نے کبھی سنجیدہ نہیں لیا تاہم راجکوٹ میں ایک آئی پی ایل میچ کے دوران جب لوگ انہیں شاہ رخ سمجھ بیٹھے اور ان کے ارد گرد بھیڑ جمع ہو گئی وہ لمحہ ان کے لیے ایک نئی دنیا کا دروازہ ثابت ہوا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ابراہیم نے بتایا کہ ابتدا میں جب وہ شاہ رخ خان کے ہمشکل کے طور پر ایونٹس میں شریک ہونے لگے تو نہ صرف وہ شاہ رخ کی نقل کرنے سے ناواقف تھے بلکہ اکثر انہیں معاوضہ بھی نہیں دیا جاتا تھا۔
اسی لمحے انہوں نے شاہ رخ کی نقل میں مہارت حاصل کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے بولنے کا انداز، چال ڈھال حتیٰ کہ ڈانس اور اداکاری بھی سیکھی۔ آج وہ ایونٹس میں شرکت کے لیے ڈیڑھ لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک معاوضہ لیتے ہیں اور دنیا بھر میں دعوت دیے جاتے ہیں۔
ابراہیم کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ہمشکل ہیں۔ان کے مطابق جو ایونٹس میں چھوڑتا ہوں وہ دوسرے ہمشکل اداکاروں کو مل جاتے ہیں۔ اس لیے میری وجہ سے دوسرے بھی کمائی کر رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ابراہیم خود شاہ رخ خان سے ملاقات کے خواہش مند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس کردار کو عزت کے ساتھ نبھانا چاہتے ہیں اور مزاحیہ پروگراموں میں شرکت سے بھی گریز کرتے ہیں تاکہ شاہ رخ کی شخصیت کا مذاق نہ بنے۔
ابراہیم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بعض اوقات شاہ رخ سے مشابہت نقصان دہ بھی بن جاتی ہے۔ ان کے مطابق جب میں بازار یا مال میں خریداری کرنے جاتا ہوں تو لوگ مجھے امیر سمجھ کر زیادہ قیمت مانگتے ہیں جو میرے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








