محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے اتوار کی شام سے کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق بارشوں کا آغاز کراچی کے مضافاتی علاقوں سے ہونے کا امکان ہے جو شام تک پورے شہر میں پھیل سکتی ہے۔ وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27.5 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش اور راجستھان کے اوپر موجود کم دباؤ کا نظام شدت اختیار کر چکا ہے جس کے اثرات سندھ میں بارشوں کی صورت میں نظر آئیں گے۔ اس سسٹم کے تحت کراچی سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا امکان ہے۔
نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ راجستھان کے اوپر موجود کم دباؤ کا نظام مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ مون سون کی ہوائیں سندھ اور مشرقی پنجاب میں داخل ہو رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید مضبوط ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول سمیت سندھ کے کئی شہروں میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے وہ علاقے جو پہلے ہی سیلاب سے متاثر ہیں وہاں مزید بارشوں سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ محکمہ نے عوام کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








