معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ حال ہی میں اسکردو کے دورے پر تھیں جہاں وہ بلتستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لیے امدادی تنظیم جامع ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز کے ساتھ سرگرم عمل تھیں کہ اس دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے ان کے چاہنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔
گلوکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ پہلے باضابطہ بیان کے مطابق 4 ستمبر کی رات قرۃ العین بلوچ ایک خیمے میں موجود تھیں جب ان پر بھورے ریچھ نے حملہ کر دیا تاہم خوش قسمتی سے سی ڈی آر ایس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریچھ کو بھگا دیا اور گلوکارہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکز منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق قرۃ العین بلوچ کی حالت خطرے سے باہر ہے انہیں کوئی فریکچر نہیں ہوا اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔
ان کی ٹیم نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے گزارش کی ہے کہ اس وقت ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے کیونکہ گلوکارہ کو مکمل آرام کی ضرورت ہے۔ ان کی تمام عوامی مصروفیات کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں قدرتی حیات سے متعلق خطرات موجود ہوتے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے رضا کار نہایت بہادری اور جذبے کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








