تعلیمی ادارے بند، سڑکیں بند، نظام بند؛ موسلا دھار بارش سے حیدرآباد لاک ڈاؤن کا شکار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

حیدرآباد اور اس کے اطراف میں موسلادھار بارش نے شہر کی معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں شدید بارش نے کئی علاقوں کو پانی میں ڈبو دیا جس سے شہریوں کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حیدر آباد کے علاقوں لطیف آباد، قاسم آباد اور تعلقہ حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ وقفوں سے جاری ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور گلیاں و سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

شہر کے دیگر علاقوں جیسے سٹیزن کالونی، ٹھنڈی سڑک، اور قاسم آباد میں بھی شدید بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ پیدل چلنے والے بھی پریشان نظر آئے۔

شہر کے مضافاتی علاقوں جیسے ہالہ، نیو سعیدآباد اور بھٹ شاہ میں بھی بادل خوب برسے جس سے وہاں کی صورتحال بھی متاثر ہوئی۔ ان علاقوں میں نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی کھڑا ہے۔

موسم کی اس خراب صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت حیدرآباد بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج منگل کے روز چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مٹیاری میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ضلعی حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ، والدین اور تعلیمی ادارے بروقت آگاہ ہو سکیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ بارش کے دوران اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے کیونکہ ہر سال بارشوں کے دوران یہی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں اور بنیادی سہولیات کی کمی شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہے۔

Related Posts