ریسکیو ٹیم ملبے تلے مدد کو پکارتی رہی؛ کراچی میں آگ سے متاثرہ فیکٹری زمین بوس

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں منگل کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کے دوران تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جسکے نتیجے میں ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں سمیت کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ ابتدا میں فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم آگ کی شدت میں اضافے کے باعث فوری طور پر مزید کمک طلب کی گئی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کل 11 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل، اور ریسکیو 1122 کی متعدد گاڑیاں امدادی کاموں میں مصروف ہو گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ آگ فیکٹری کے گراؤنڈ فلور سے شروع ہوئی جس کے بعد وہ تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ فائر فائٹنگ کے دوران اچانک عمارت دھماکے سے منہدم ہو گئی جس کے ملبے تلے فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار دب گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

واقعے کے وقت فیکٹری میں تقریباً 200 سے 300 کارکن موجود تھے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔ فائر بریگیڈ کے 26 سے زائد اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر 8 فائر ٹینڈرز کی مدد سے دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آپریشن میں شہر کے مختلف محکموں کی امدادی ٹیمیں شامل ہوئیں جبکہ فائر فائٹرز پانی اور فوم کا استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے میں مصروف رہے۔ ان کے مطابق عمارت کے اندر مزید کوئی فرد موجود نہیں تھا تاہم ملبے میں احتیاطی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر دبے کسی شخص کو تلاش کیا جا سکے۔

آگ نے متاثرہ فیکٹری کے ساتھ واقع دو دیگر صنعتی یونٹس کو بھی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث متاثرہ علاقے میں شدید دھوئیں اور گرمی کی فضا قائم ہے۔ ریسکیو ٹیموں کی کوشش ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب شہر میں چند روز قبل بھی لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ سے پانچ منزلہ فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

Related Posts